دہشت گردوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، آرمی چیف
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں سکیورٹی صورتحال اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیس آپریشن جاری ہیں، آپریشن میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑ دیا گیا ہے۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق اجلاس میں شرکاء نے شہداء پشاور کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سانحہ پشاور کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گردوں کو مثالی سزا دی جائے گی۔کور کمانڈرز کانفرنس میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات قوم کے عزم کو نقصان نہیں پہنچا سکتے، دہشت گردوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی اور کسی بھی دہشت گرد گروپ کو پنپنے نہیں دیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل سید عاصم منیر نے کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں کامیابی کے لئے عظم کو تقویت ملتی ہے، لہٰذا تمام کمانڈرز انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر توجہ مرکوز رکھیں۔